کولکاتہ - 11 مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی ) مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعہ کو کہا کہ چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت مینڈیٹ کی حقیقی عکاس نہیں ہے۔ وہیں ممتا بنرجی نے بی جے پی پر انتخابی مشینری کا استعمال کر کے ووٹ لوٹنے کا بھی الزام لگایا۔
بی جے پی کو شکست دینے کیلئے اپوزیشن اتحاد کے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوۓ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ بنرجی نے کہا کہ بیکار بیٹھنے اورکانگریس کا انتظار کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اگر بی جے پی کچھ ریاستوں میں جیت جاتی ہے تو اسے زیادہ ہنگامہ نہیں کرنا چاہئے۔ یہ جیت عوام کے مینڈیٹ کی حقیقی عکاس نہیں ہے۔ یہ فیصلہ ووٹوں کو لوٹنے کیلئے انتخابی مشینری کے کھلے عام استعمال کی وجہ سے ہے۔
اکھلیش یا دوعوامی مینڈیٹ کی وجہ سے نہیں ، بلکہ ووٹوں کی لوٹ کی وجہ سے ہارے ہیں۔ وہ مغربی بنگال حکومت کی جانب سے اسمبلی میں مالی سال 23۔ 2022 کیلئے ریاستی بجٹ پیش کرنے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔
سماج وادی پارٹی کی طرف سے ای وی ایم کے ویڈیو پر ہوۓ تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوۓ بنر جی نے کہا کہ اگر کسی ڈی ایم (وارنسی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ) کو ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں ) کو ہٹانے کیلئے معطل کیا جا تا ہے تو یہ بہت بڑی بات ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ سب اکھلیش یادو کو ہرانے کیلئے کیا گیا ہے تا کہ ووٹوں کی لوٹ میں آسانی ہو۔اکھلیش یادوکو مایوس اور پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ انہیں عوام کے پاس جانا چاہیے اور اسے چیلنج کرنا چاہیے۔ ترنمول سپر یمو نے مزید کہا کہ تمام ای وی ایم کا فارنسک معائنہ کیا جانا چاہئے تا کہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا یہ وہی مشینیں ہیں جنہیں لوگ ووٹ ڈالنے کیلئے استعمال کرتے ہیں اور پھر انہیں گنتی کیلئے لایا گیا ہے۔ اگر بی جے پی جیتی ہے تو وہ عوامی ووٹوں سے نہیں جیتی ہے۔ یہ کوئی مقبول مینڈیٹ نہیں ہے، مشینری کا مینڈیٹ ہے۔